پاکستان میں دہشتگردی میں ‘را’ ملوث، افغان حکومت دہشتگردوں کو پناہ دے رہی ہے: رانا ثناءاللہ

فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے انسدادِ دہشتگردی رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کا براہ راست ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’را‘ دہشت گردوں کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہے جو انہیں فنڈز اور اسلحہ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف مختلف نظریات اور سوچ رکھنے والے دہشتگرد گروپوں کو ‘را’ نے اکٹھا کیا ہے تاکہ پاکستان میں بدامنی پھیلائی جا سکے۔

رانا ثناء اللہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہمسایہ ملک افغانستان، جس کے لاکھوں پناہ گزینوں کی پاکستان نے کئی دہائیوں تک میزبانی کی، آج دہشتگردوں کو سہولت دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، مگر افغان حکومت پروکسی کے طور پر دہشتگردوں کی مدد کر رہی ہے جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

جعفر ایکسپریس واقعہ سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسافروں کو یرغمال بنائے جانے کی خبر سراسر غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ جیسے ہی دہشتگردی کی واردات ہوئی، بھارتی میڈیا اور پاکستان کے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مل کر اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا، لیکن پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے چند گھنٹوں کے اندر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس کے تمام مسافر بازیاب ہو چکے ہیں اور جائے وقوعہ پر آزاد میڈیا کی رسائی ہے۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں 26 افراد شہید ہوئے جن میں 18 پاک فوج کے جوان شامل ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بھارتی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی بھی پاکستانی لاپتہ نہیں ہے، اور سارا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے۔

انہوں نے گرینڈ آپریشن کے حوالے سے کہا کہ اس وقت کسی بھی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر بیسیوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہیں، جن میں دہشتگردوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہی آپریشنز کے نتیجے میں دہشتگردی کو کنٹرول کیا جا رہا ہے اور دہشتگردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

Comments are closed.