غزہ میں تعمیر نو ناگزیر، فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی ضمانت ضروری ہے :سعودی وزیر خارجہ

جنوبی افریقہ میں جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں جاری بحران پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور عوام کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی ایک سنگین مسئلہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس وقت سب سے اہم ضرورت تعمیر نو کی ہے اور غزہ کی پٹی میں ضرورت مندوں تک غیر محدود انسانی رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ خطے میں مستقل حل ہی پائیدار استحکام کی ضمانت دے سکتا ہے، اور اس کے لیے عالمی برادری کو عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

اپنی تقریر میں سعودی وزیر خارجہ نے دو ریاستی حل کے مکمل نفاذ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کو ایک واضح فریم ورک میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی وہ حل ہے جو خطے میں تمام فریقین کے لیے طویل مدتی امن اور سلامتی کا ضامن ہوگا۔

سعودی عرب کا مؤقف ہے کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے اور عالمی برادری کو فوری طور پر عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق مل سکے۔

Comments are closed.