جسمانی اور راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد، شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

عدالت نے درخواست ضمانت پر پیر کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ دوران سماعت شیخ رشید نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کیا۔ عدالتی حکم پر شیخ رشید کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے شیخ رشید کو سندھ منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر پیر کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ دوران سماعت شیخ رشید نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کیا۔ عدالتی حکم پر شیخ رشید کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس نے شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کے 2 ٹیسٹ کروائے ہیں، وائس میچنگ بھی ہوئی ہے اور ابھی فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کروانا باقی ہے۔دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق نے کیس خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ طلب کرنے کی مخالفت کی، جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ بھجنے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت شیخ رشید نے کہا کہ انکے پیروں اور ہاتھوں پر خون ہے۔ جس پر جج نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ مجھے خون دکھا دیں گے؟ آپ کے ہاتھ پر تو خون ہی نہیں ، شیخ رشید نے کہا کہ وہ خون میں نے صاف کردیا دوران سماعت تھانہ موچکو کراچی میں درج مقدمے کے تفتیشی اور انسپکٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولی کلینک میں شیخ رشید نے جو گفتگو کی تھی اس پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شیخ رشید کو کراچی منتقل کرنا ہے۔شیخ رشید کے وکیل نے راہداری ریمانڈ کے مطالبے پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں جو دفعات لگائی گئی ہیں وہ قابل ضمانت ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد سندھ پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور شیخ رشید کی درخواست ضمانت پیر کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔

Comments are closed.