ملکی معیشت کی بحالی اور عوام کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے:عطااللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی اور عوام کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بروقت مثبت پالیسیوں کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی، مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنے کارکن کی آواز بن کر کھڑی رہی ہے، سیاسی ورکرزکی قربانیوں نے جمہوریت کو تقویت بخشی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکن عتیق چوہدری کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، توصیف شاہ سمیت دیگر لیگی رہنمااور کارکنان بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چند روز قبل ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریری طور پر تمام وزارتوں کو قلیل اور طویل المدتی اہداف حاصل کرنے کیلئے دستاویز ات ارسال کی ہیں، ان اہداف میں بیروزگاری کا خاتمہ، مہنگائی میں کمی اور معاشی مسائل کا حل شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے بروقت حصول کیلئے وزارتوں کو سختی سے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف ان اہداف سے متعلق تمام وزارتوں سے ان کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں معاشی بدحالی ہوئی جس کی وجہ سے پچھلے 16ماہ میں ہماری حکومت نے معیشت کی بحالی کے اقدامات پر فوکس کیا، مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ مسائل اور مشکلات کا سامنا کیا اور ان مسائل پر قابو پایا جلد ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال کر مضبوط معاشی قوت بنائیں گے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.