ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹرساجد گوندل 6 روز لاپتہ رہنے کے بعد بازیاب

سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل 6 روز لاپتہ رہنے کے بعد بازیاب ہو گئے ہیں۔

ساجد گوندل کے واپس آنے سے متعلق خبر پاکستانی ٹی وی چینلز کی جانب سے ذرائع سے نشر کی گئی، تاہم اس کے کچھ دیر بعد ساجد گوندل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں اپنی بازیابی کی تصدیق کی۔اپنی ٹویٹ میں ساجد گوندل نے دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خیریت سے متعلق اطلاع دی۔

اس سے قبل ساجد گوندل کے اہل خانہ نے وزیراعظم ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اس موقع پر ان کی والدہ، اہلیہ اور بچوں نے نعرے بازی کی اور وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس گلزار احمد سے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

سیکرٹری داخلہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ساجد گوندل کی گمشدگی کا معاملہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ان کی بازیابی کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی، اس فیصلے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ساجد گوندل بازیاب ہو گئے۔

یاد رہے کہ ان کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی زیر سماعت تھی جس میں عدالت نے متعلقہ حکام کو پیر کو ساجد گوندل کی بازیابی کے لیے دس روز کی مہلت دی تھی۔

دوسری جانب خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال ساجد گوندل میڈیا کے سامنے نہیں آئیں گے، اس مقصد کے لئے وہ فی الوقت اپنی رہائش گاہ پر بھی نہیں جائیں گے، گھر والوں سے کسی اور مقام پر ملیں گے۔

Comments are closed.