سعودی عرب کا رواں برس بھی غیرملکیوں کیلئے حج پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

سعودی عرب نے رواں برس بھی حج کے لیے عازمین کی تعداد کو محدود رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو حج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، صرف مقامی افراد ہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اطمینان بخش نہ ہونے کے باعث رواں برس صرف 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی جب کہ صرف سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج ادا کرسکیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک میں مقیم کورونا ویکسین لگوانے والے صحت مند اور کسی مستقل بیماری میں مبتلا نہ ہونے والے 18 سے 65 سال تک کی عمر کے عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، 14 روز قبل ویکسین کا ایک ٹیکہ لگوانے والوں کو بھی حج کی اجازت ہوگی۔

بیان کے مطابق سعودی حکومت کے لیے عازمین حج کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور اسلامی شریعت بھی انسانی جانوں کے تحفظ سلامتی کا حکم دیتی ہے۔ حج کے دوران بڑی بھیڑ سے عالمی وبا کے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر یہ اقدامات اُٹھائے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی صرف دس ہزار عازمین کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس میں 30 فیصد سعودی شہری اور 70 فیصد سعودی عرب میں مقیم غیرملکی شہری شامل تھے۔

Comments are closed.