سعودی عرب کا ’کورونا ریڈلسٹ‘ ممالک جانے والوں پر3 سالہ سفری پابندی کا فیصلہ

سعودی عرب نے کورونا وباء کے حوالے سے ریڈ لسٹ میں شامل ملکوں کا سفر کرنے والے شہریوں پر تین سالہ سفری پابندیاں لگانے کا فیصلہ کر لیا۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام اور اس کی نئی اقسام کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سعودی عرب کی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ جو سعودی شہری ریڈ لسٹ میں شامل ممالک جائیں گے انہیں تین سال کی سفری پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق بعض اطلاعات کے مطابق مئی میں کچھ سعودی شہریوں نے پیشگی اجازت کے بغیر ایسے ممالک کا سفر کیا جو ریڈ لسٹ میں شامل تھے، یہ اقدام سفری قواعد و ضوابط توڑنے کے مترادف ہے۔ جو بھی اس عمل میں ملوث پایا گیا اس کو نہ صرف جواب دہ ہونا پڑے گا بلکہ سخت سزا ملے گی، جس میں تین سالہ سفری پابندی شامل ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات، ترکی، افغانستان، ارجنٹائن، برازیل، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، لبنان، جنوبی افریقا اور ویتنام سمیت کئی ممالک کے سفر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا ان ممالک کے براہ راست یا بالواسطہ سفر پر پابندی ہے، لہذا سعودی شہری ان ممالک کے سفر اجتناب کریں اور وباء کے پھیلاؤ کا باعث نہ بنیں۔

تین کروڑ کی آبادی والے سعودی عرب میں آج (منگل کو) 1 ہزار 379 نئے کورونا کیسز سامنے آئے جس کے بعد اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 20 ہزار 774 تک پہنچ چکی ہے جب کہ اب تک یہ قاتل وائرس سعودی عرب میں 8 ہزار 189 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔

Comments are closed.