سعودی عرب میں حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ العربیہ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے حج سکیورٹی فورسز نے حج ضوابط اور پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 9 افراد کو مکہ کے داخلی راستوں پر گرفتار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کےمطابق زیر حراست افراد میں دوغیرملکی جبکہ سات سعودی شہری شامل ہیں جو 49 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی سیزنل تحقیقاتی کمیٹی نے ان کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کئے۔ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ہر ایک شخص کو15 دن کی قید اور فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی گئی۔
علاوہ ازیں مقامی ذرائع ابلاغ میں ان کی تشہیر بھی کی جائے گی۔ گرفتار غیر ملکیوں کو سزا مکمل ہونے کے بعد مملکت سے بے دخل کیا جائے گا۔
غیرقانونی افراد کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے استعمال ہونے والی دو گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ نے حج ضوابط پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت سزاوں کا اعلان کیا ہے۔پرمٹ کے بغیر حج سیزن میں مکہ مکرمہ جانے یا غیرقانونی افراد کو لے جانے پرقید اور جرمانے کی سزا مقرر کی ہے۔
Comments are closed.