عالمی وباء کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔
سعودی عرب کے محکمہ ہوا بازی کی جانب سے سفری پابندیوں سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پاکستان سمیت 20 ممالک کے مسافروں کے سعودی عرب داخلے پر 14 روز کی پابندی ہوگی، اور اس کا اطلاق سعودی مقامی وقت کے مطابق آج رات 9 بجے سے ہوگا۔
سعودی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی کے حکم نامہ کے مطابق سعودی عرب آنے والے سعودی شہریوں، سفارت کاروں، شعبہ صحت سے وابستہ افراد اور ان کے اہلخانہ اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، تاہم ان کے لئے کورونا ٹیسٹ نہ ہونے کی رپورٹ لازمی قرار دی گئی اس کے ساتھ سعودی شہریوں، سفارتکاروں، ہیلتھ پروفیشنلز اور ان کے اہلخانہ کے لئے گھروں پر 14 روز قرنطینہ کی بھی شرط ہوگی۔
سعودی عرب کی جانب سے جن ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں متحدہ عرب امارات، مصر، لبنان، ترکی، برطانیہ، جرمنی شامل ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ امریکا، فرانس، اٹلی، آئرلینڈ، پرتگال، سوئٹزرلینڈ اور برازیل کے شہری بھی سعودی عرب کا سفر نہیں کر سکیں گے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستان، ارجنٹینا، جنوبی افریقا، انڈونیشیا اور جاپان کے شہریوں پر بھی عارضی طور پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں کا اقدام کورونا وائرس کی برطانیہ، افریقا اور برازیل میں سامنے آنے والی نئی اقسام کی روک تھام کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق پابندی کے باعث کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکے گا۔پابندی کے اطلاق سے قبل پی آئی اے کی پروازیں سیالکوٹ سے دمام، ملتان تا مدینہ اور اسلام آباد سے ریاض تک معمول کے مطابق چلیں گی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کو واپس لانے کیلئے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments are closed.