سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال، دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق

ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا شاہی محل میں پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے آغاز میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور امت مسلمہ کے اتحاد و ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس اہم ملاقات میں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے شرکت کی۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاقائی و عالمی صورتحال، بالخصوص خطے میں امن و سلامتی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سعودی قیادت کی مصالحانہ کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک مسلم دنیا کے اتحاد اور عالمی سطح پر اسلام کے پرامن پیغام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.