سعودی قیادت کی ایران میں دھماکے پر افسوس اور تعزیت

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران میں پیش آنے والے دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، سعودی قیادت نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو تعزیتی پیغامات روانہ کیے ہیں۔

تعزیتی مکتوب میں کہا گیا ہے کہ “اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر بندر عباس میں رجائی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کی اطلاع پر ہمیں گہرا افسوس ہوا ہے۔”
شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ہلاک شدگان کے لواحقین اور ایرانی عوام سے مخلصانہ ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

سعودی قیادت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی رحمت اور مغفرت سے نوازے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد از جلد مکمل صحتیابی نصیب ہو۔
ساتھ ہی سعودی قیادت نے یہ بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کو ہر قسم کی آفتوں اور مصیبتوں سے اپنی حفاظت میں رکھے۔

یہ جذبہ اسلامی ممالک کے درمیان یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے مظہر کے طور پر سامنے آیا ہے۔

Comments are closed.