سرگودھا – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملک کا اصل سرمایہ قرار دیا اور انہیں انتہاپسند سوچ اور فتنہ پرور سیاست سے دور رہنے کی نصیحت کی۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں 9 مئی 2023 کے افسوسناک واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس روز فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو تقویت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ “جس جماعت نے یہ کیا، وہ وہ کچھ کرگئی جو ہمارے دشمن کئی دہائیوں میں بھی نہ کر سکے۔”
نوجوان ہمارا فخر، ہماری طاقت
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “یہ لیپ ٹاپ صرف ایک آلہ نہیں، تمہارے علم کا ہتھیار ہے۔ جیسے تم اسے وائرس سے بچاتے ہو، ایسے ہی اپنے دماغ کو سیاسی وائرس سے بچانا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ کچھ نوجوان سیاسی بہکاوے میں آ کر جیلوں میں پہنچ گئے، لیکن ہوشمند طالب علموں نے ہمیشہ اپنا راستہ تعلیم، محنت اور اخلاقی اصولوں سے چُنا۔
وردیوں کی توہین کرنے والے کہاں؟
مریم نواز نے کہا کہ جن وردیوں کی بے حرمتی کی گئی، وہی جوان آج سرحدوں پر ہماری حفاظت کر رہے ہیں۔ “ہمیں جیلوں میں ڈالنے والے آج کہیں نظر نہیں آتے، لیکن ہم آج نوجوانوں میں اعتماد بانٹ رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان فتنے، فساد اور انتشار کا حصہ بننے کے بجائے ملک کی تعمیر و ترقی کا ستون بنیں۔
قوم کو تعلیم یافتہ نوجوانوں سے امید ہے
مریم نواز نے تقریب میں موجود نوجوانوں سے وعدہ لیا کہ وہ اپنے علم، ہنر اور کردار سے پاکستان کو ایک بہتر ریاست بنائیں گے، جو ترقی، امن اور اتحاد کی علامت ہوگی۔
Comments are closed.