سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں جلائی گئی ہندو مندر کی دوبارہ بحالی کا کام دو ہفتے میں شروع کرنے اور اس پر خرچ رقم مولوی شریف سمیت دیگر ملزمان سے وصول کرنے کا حکم دیا ہے۔ متروکہ وقف املاک کی زمینوں سے تجاوزات ختم کرنے اور قبضوں میں ملوث اہلکاروں کےخلاف کارروائی کے احکامات بھی دیئے گئے۔
کرک میں ہندو مندر جلانے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، سماعت کے آغاز پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کرک میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، حملہ آور ہر چیز تباہ کرتے رہے اور سمادھی کو آگ لگا دی گئی۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ پولیس نے ہجوم کو اندر جانے کی اجازت کیسے دی؟ پولیس کا کام قانون کی عملداری ہے، حکومتی رٹ برقرار رہنی چاہیے، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے موقف اپنایا کہ مولوی شریف کو گرفتار کرلیا ہے، غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے انکے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مرکزی ملزم مولوی شریف کچھ دن میں ضمانت لے کر باہر آجائے گا، پولیس اہلکاروں کی معطلی سے کیا ہوگا، انہیں تنخواہ ملتی رہے گی، واقعہ سے پہلے پولیس کی انٹیلی جینس کدھر تھی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے سمادھی کی دوبارہ بحالی سے متعلق بیان پر چیف جسٹس نے کہا کہ سمادھی کی بحالی کی رقم مولوی شریف اور اسکے گینگ سے وصول کریں، کیونکہ جب ان کی جیب سے پیسہ نکالیں گے تو انہیں احساس ہوگا۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ فوری طور پر تو سمادھی کی بحالی حکومتی اخراجات سے کی جائے گی، لیکن ذمہ داروں سے رقم ضرور وصول کریں گے، چیئرمین اقلیتی کمیشن شعیب سڈل نے کہا کہ سمادھی کے اردگرد کا علاقہ متروکہ وقف املاک کو اپنی تحویل میں لینا چاہیے، لیکن وہ اس کا تحفظ نہیں کر سکا، کرتا پور کی طرح یہ جگہ ہندوں کیلئے مقدس ہے۔ سمادھی کو آگ لگانے کا اصل ملزم مولوی شریف ہے، امید کرتے ہیں کہ اس کی جلد ضمانت نہیں ہوگی۔
ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے بتایا کہ اس سمادھی پر دو بڑے میلے لگتے ہیں، ایک ماہ میں سمادھی پر تقریبا 400 لوگ آتے ہیں، مولوی شریف 1997 میں بھی سمادھی کو توڑا تھا، عدالتی حکم کے باوجود متروکہ وقف املاک نے سمادھی کو بحال نہیں کیا تھا، بلکہ ہندو کونسل نے 4 کروڑ دے کر سمادھی کو بحال کیا، پاکستان میں متروکہ وقف املاک کا چیئرمین ہندو نہیں مسلمان ہوتا ہے۔
عدالتی استفسار پر آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت ڈیوٹی پرمامور 12 اہلکار معطل جب کہ واقعہ میں ملوث 109 افراد گرفتار ہیں، علاقے میں جمعیت علمائے اسلام کے اجتماع میں شریک چھ علماء میں سے صرف مولوی شریف نے لوگوں کو احتجاج پر اکسایا۔
چیف جسٹس نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے افسران صرف پیسہ بنا رہے ہیں، جس سے دل کرتا ہے زمین واپس لیتے ہیں اور جسے دل کرتا ہے دے یتے ہیں، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے توہین عدالت کے نوٹس پر عدالتی کمیشن سے تعاون کیا۔
عدالت نے جلائی گئی ہندو سمادھی کی دو ہفتے میں بحالی کا کام شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سے ملک کے تمام مندروں کی تفصیلات طلب کر لیں، عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کُل کتنے مندر ہیں اور فعال کتنے ہیں، متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر قبضے اور تجاوزات اور زیرسماعت مقدمات کی تفصیلات بھی دو ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
Comments are closed.