خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان سی پی او خیبر پختونخوا کے مطابق یہ آپریشن اس اطلاع پر کیا گیا کہ دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور حالیہ دنوں میں پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث تھے۔
جانی نقصان اور زخمی
آپریشن کے دوران ایک شہری شہید ہوا جبکہ 8 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کی لاش برآمد کر لی، جب کہ دیگر ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا کا بیان
آئی جی خیبر پختونخوا نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپر دیر کے علاقوں دوبندو، بریکوٹ، سلام کوٹ اور اٹنڈرہ میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
شہید شہری کو خراج عقیدت
دوسری جانب آپریشن کے دوران شہید ہونے والے شہری کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔
Comments are closed.