یومِ حقِ خودارادیت؛ عالمی برادری کشمیری عوام کو ان کا حق دلائے:مریم نواز

کشمیریوں کے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کشمیری عوام اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا، مگر دہائیوں بعد بھی کشمیری عوام اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ آج کا دن مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور بربریت کے باوجود کشمیری عوام کی قربانیوں کو دنیا نظرانداز نہیں کر سکتی۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کی جدوجہد آزادی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

مریم نواز نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور آئندہ بھی اس مشن کو جاری رکھے گا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مریم نواز نے کہا، “کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، اور کشمیری عوام کی جدوجہد ہماری اپنی جدوجہد ہے۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑے ہیں، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج پوری آب و تاب سے طلوع ہوگا۔”

مریم نواز کے اس بیان نے پاکستان کے اس مؤقف کو مزید مضبوط کیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر یہ پیغام کشمیری عوام کے لیے حوصلے اور امید کا مظہر ہے۔

Comments are closed.