اسلام آباد:جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے، بلکہ سافٹ مارشل لا ہے۔
ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سینیٹر مشتاق احمد سے سوال کیا گیا کہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق کیا سمجھتے ہیں ملک میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟، جس پر انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے ۔ اس وقت پاکستان میں ایک سافٹ مارشل لا ہے ۔ سب چیزیں ڈیل کے تحت ہورہی ہیں ۔
سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سویلین سپرمیسی موجود نہیں ہے ۔ اس وقت پاکستان میں بڑے واقعات ہورہے ہیں، غزہ میں ہورہےہیں ۔ میں نے بار بار مطالبہ کیا،خط لکھا کہ سینیٹ کا اجلاس بلائیں ان چیزوں کو ڈسکس کریں۔ سینیٹ کا اجلاس نہیں بلایا جارہاتو کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے سماجی رابطوں کے اکاؤنٹس پر فلسطین کا پرچم لگانے کے معاملے پر سینیٹر مشتاق احمد نے قومی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب غزہ میں اسرائیل کے مظالم کے خلاف ہیں ۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے غزہ کا ساتھ دیا ۔ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ غزہ کا ساتھ دیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پوری دنیا کے باضمیر انسانوں کی مہم ہے ۔ صرف پاکستان کے کھلاڑی نہیں، دنیا بھر کے کھلاڑیوں نے غزہ کے مظلوموں کا ساتھ دیا ہے ۔
Comments are closed.