حرمین شریفین کی خدمت سعادت ہے، ضیوف الرحمن کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح: ولی عہد محمد بن سلمان

منیٰ – عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ “ہم نے جو کامیابی آج دیکھی ہے وہ ضیوف الرحمن کی خدمت میں مملکت کی مبارک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ حرمین شریفین، مقدس مقامات اور ان کے زائرین کی خدمت ہمارے لیے اعزاز ہے اور ہم آئندہ بھی ان کی راحت اور سہولت کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے۔”

یہ بات انہوں نے منیٰ میں شاہی محل کے اندر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے موصول ہونے والی عید کی مبارکبادیں وصول کرتے ہوئے کہی۔ اس پرمسرت موقع پر سعودی شاہی خاندان کے اراکین، مملکت کے مفتیٔ اعظم، خلیجی ممالک کے معزز مہمان، اعلیٰ سرکاری حکام اور حج میں شریک عسکری کمانڈر بھی موجود تھے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے اس موقع پر مملکت کے مختلف اداروں میں کام کرنے والے مرد و خواتین اہلکاروں اور رضاکاروں کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکمتِ عملی کے تحت ان اہلکاروں نے حجاج کرام کو پرامن اور منظم ماحول فراہم کیا تاکہ وہ عبادات کو پوری سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ “حج کے ہر مرحلے میں جو تعاون اور منظم انتظامات دیکھنے میں آئے، وہ ان افراد کی مسلسل محنت اور خلوص کی جھلک ہے۔”

سعودی قیادت کی جانب سے ضیوف الرحمن کی خدمت کا جذبہ برسوں سے جاری ہے، جسے ہر سال مزید بہتر، مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ حج کے دوران جدید ٹیکنالوجی، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی اور لوجسٹک سپورٹ کے شعبوں میں نمایاں ترقی نے سعودی عرب کے عزم و اخلاص کو اجاگر کیا ہے۔

Comments are closed.