شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کیلئے امدادی اقدامات تیز کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی پہنچے، جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی جبکہ فیلڈ مارشل نے پاک فوج اور سول اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

سوات میں استقبال اور بریفنگ

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیر مقام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔ بعدازاں وفد بونیر روانہ ہوا اور وہاں سے شانگلہ اور صوابی کے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

ریسکیو اور بحالی کی پیش رفت پر بریفنگ

دورے کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو ریسکیو اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے اور ان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے عمل کو تیز کرنے اور معمولاتِ زندگی بحال کرنے کے لیے تمام دستیاب قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

وزیراعظم نے زور دیا کہ تجاوزات، لکڑی مافیا اور آبی گزرگاہوں میں غیر قانونی کان کنی اور کرشنگ انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصانات کا بڑا سبب ہیں، اس لیے ان سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات ناگزیر ہیں۔

فیلڈ مارشل کی فوج اور سول اداروں کو خراجِ تحسین

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب زدہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور امدادی آپریشنز میں مصروف پاک فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے بے لوث جذبے اور خدمات کو سراہا۔

یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ وفاقی حکومت اور عسکری قیادت سیلاب متاثرین کو ریلیف اور بحالی کے عمل میں کسی بھی قسم کی کمی برداشت نہیں کریں گے۔

Comments are closed.