سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے اپنے اہلخانہ کواربوں روپے مالیت کے تحائف لینے اور دینے کا انکشاف ہوا ہے، قومی احتساب بیورو لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے تحائف کے لین دین کی دستاویزات حاصل کرلیں۔
قومی احتساب بیورو میں منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں شہباز شریف کے اربوں روپے مالیت کے تحائف حاصل کرنے اور بیوی بچوں کو دینے کے شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں۔ جن کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے 24 کروڑ روپے سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کو تحفے میں دئیے جب کہ اربوں روپے مالیت کی اراضی اہلیہ نصرت شہباز اور کروڑوں روپے کے مکانات، پلاٹس تہمینہ درانی کو دئیے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بیوی بچوں کو 24 کروڑ 22 لاکھ 77 ہزار 400 روپے تحائف میں دئیے اور اپنے بیٹوں سے 4 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار 678 روپے کے تحفے میں وصول بھی کیے۔
شہباز شریف نے نصرت شہباز کو 749 کنال اراضی تحفے میں دی، شہباز شریف کو والدہ سے 867 کنال 18 مرلے جب کہ والد سے 748 کنال 19 مرلے کی قیمتی اراضی تحفے میں ملی۔ شہباز شریف نے 2015 میں تہمینہ درانی کو ڈیفینس میں 2 کروڑ چالیس لاکھ کا پلاٹ تحفے میں دیا جب کہ تہمینہ درانی کو ہری پور میں ایک کروڑ تریسٹھ لاکھ روپے کا ایک کاٹیج اور ایک ولا بھی خرید کردیا ۔
سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے 12-2011 میں سلمان شہباز کو 17 کروڑ 12 لاکھ 48 ہزار 200 روپے جب کہ حمزہ شہباز کو شہباز شریف 15-2013 میں 3 کروڑ 7 لاکھ روپے تحفے میں دے چکے ہیں۔
Comments are closed.