وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی ان ممالک میں پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے، پاکستان سے لوٹی دولت واپس لانے کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر شاہد کاردار نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر، مشیرِخزانہ عبدالحفیظ شیخ اورمعاونِ خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود بھی موجود تھے۔
اس ملاقات کے دوران منی لانڈرنگ کی روک تھام، لوٹی رقم کی واپسی کیلئے اقدامات اور ملک کی مجموعی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی ان ممالک میں پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی دولت لوٹنے والوں کے احتساب کے لئے حکومتی عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے لوٹ کر بیرون ملک بھجوائی گئی ہوئی رقم کی ملک میں واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے بحری امورسید علی حیدر زیدی نے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کو پورٹس کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا، ملاقات میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے اشتراک سے ماہی گیروں کو آسان شرائط پر قرض فراہمی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کراچی کی مجموعی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے بحری امور کو ہدایت کی کہ ماہی گیروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
Comments are closed.