شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: بھارت کا جھوٹا بیانیہ مسترد، پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر سراہا گیا — خواجہ آصف
اسلام آباد – وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے حالیہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے پیش کیا گیا جھوٹا اور گمراہ کن بیانیہ کسی بھی رکن ملک نے تسلیم نہیں کیا، جب کہ پاکستان کا مدلل اور اصولی مؤقف بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران تمام کارروائی تنظیم کے قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دی گئی۔ کسی بھی ملک کو اجازت نہیں دی گئی کہ وہ دوسرے کی تقریر پر تنقید کرے یا جوابی مؤقف دے، جس کی وجہ سے بھارتی وزیر دفاع کو پاکستان کے دلائل پر اعتراض یا چیلنج کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت نے حسب روایت جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنایا، مگر اس بار وہ عالمی برادری کے لیے قابل قبول نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں خوشگوار اور غیر متنازعہ ماحول رہا، اور پاکستان کی بات کو سنجیدگی سے سنا گیا۔
سندھ طاس معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ بین الاقوامی نوعیت کا ہے، اور کوئی بھی فریق اسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت شدید سیاسی دباؤ میں ہے، اور مودی سرکار شکست خوردگی، انتہا پسندی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لیے جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے، مگر حقیقت کو زیادہ دیر تک چھپایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاست اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
وزیر دفاع نے زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر امن، سچائی اور دلیل کی بنیاد پر بات کی ہے، اور شنگھائی تعاون تنظیم میں بھی دنیا نے پاکستان کی سچائی اور دیانتداری کو تسلیم کیا، جب کہ بھارت کو ایک بار پھر عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments are closed.