وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ایک دفعہ نہیں تین دفعہ امریکا جائے عمران خان پانچ سال پورے کرے گا۔
آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ٹیپو روڈ راولپنڈی کے دورے کے موقع پر اہلیان علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے ،آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن حکومت کے تعلقات ٹھیک ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ خود بھی کشمیر کمپین پر جاؤں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو ایک دفعہ نہیں تین بار امریکا جائے کوئی فرق نہیں پڑتا، تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی، اور آئندہ الیکشن میں بھی عمران خان مضبوط امیدوار ہو ں گے۔
افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں ہم امن کے خواہشمند ہیں، جو افغانستان کے لوگ فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہوگا اپنی سر زمین کو کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف خود امن کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
Comments are closed.