بینظیربھٹو کی طرح مولانا فضل الرحمان بھی دہشتگردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں، شیخ رشید
وفاقی وزیرداخلہ کا پاسپورٹ مدت 5سے بڑھا کر 10سال کرنے، آئندہ سال سے کارڈپاسپورٹ اجراء کا اعلان
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ میں شامل 20 سیاستدانوں میں شامل ہیں، ایسا نہ ہو بینظیر بھٹو کیس کی طرح مستقبل میں مجھ پر کیس بن جائے، انہوں نے 3 ہزارروپے میں 10سالہ پاسپورٹ جاری کرنے اورآئندہ برس سے نئے کارڈ پاسپورٹ اجراء کا بھی اعلان کیا۔
اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ ملک، سیاست اور اپنے اوپر رحم کریں کیوں کہ دہشت گردوں کے نشانے پر جو 20 سیاستدان ہیں ان میں مولانا فضل الرحمان سب سے اوپر ہیں۔ بے نظیر کی جان کو خطرے سے آگاہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ کیا گیا، ایسا نہ ہو مستقبل میں مجھ پر مقدمہ درج کر دیا جائے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے ابھی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے استقبال کے لئے کوئی ہدایت نہیں کی، میرا سیاسی تجزیہ ہے کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں حصہ لے گی، پیپلزپارٹی اچھا کھیل رہی ہے، وہ ضمنی الیکشن کی تیاری کر رہی ہے اور سینیٹ الیکشن میں بھی حصہ لے گی، فساد کی اصل جڑ مولانا فضل الرحمان ہے۔
مردم شماری کے نتائج کے حوالے سے حکومتی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے تحفظات پر شیخ رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے وہ ناراض نہیں ہوگی، جب کراچی جائیں گے تو حکومت کے علاوہ ایم کیو ایم کے مرکز بھی جاؤں گا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت نے پاسپورٹ سے متعلق تاریخی فیصلے کیے ہیں، انہوں نے 28 اپریل سے نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا، نیا پاسپورٹ بک کی بجائے کارڈ کی شکل میں ہوگا جب کہ آفیشل اور ریڈ پاسپورٹ تبدیل نہیں ہوگا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں روزگار کے لئے جانے والوں کو 10 سالہ مدت کا پاسپورٹ جاری کریں گے اور اس کی فیس صرف 3 ہزارروپے مقرر کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کیلئے ویزا کی سہولت مزید آسان کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا ہے کابینہ نے انہیں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے متعلق کمیٹی کا انچارج بنایا ہے، سنگین جرائم میں ملوث لوگوں کے علاوہ دیگر کو بلیک لسٹ سے نکالا جائے گا، بلیک لسٹ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہیں، جنہیں 25 ہزار تک لایا جائےگا۔ جب کہ بیرون ملک مقررہ معیاد سے زائد عرصے سے مقیم 64 سرکاری افسران کو 120 دن میں واپس بلایا جائے گا۔
Comments are closed.