راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں سیاسی مذاکرات جاری ہیں، تاہم ان کا فریق کون ہے یہ صرف متعلقہ سیاسی جماعتیں ہی بتا سکتی ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل بات چیت اور بہتر حکمت عملی میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو موجودہ بحرانی صورتحال سے نکالنے کے لیے حالات کا بہتر ہونا ضروری ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عام آدمی کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، اور بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ 9 مئی کے واقعات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 36 ہزار مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں 25 ہزار سے زائد افراد مفرور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مقدمات میں چارج شیٹیں دی جا رہی ہیں، کچھ کو آج بھی دی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف چار ماہ میں ان تمام مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں، جب صحافی نے بجلی کی قیمتوں میں دیے گئے ریلیف کے بارے میں پوچھا تو شیخ رشید نے مختصر جواب دیا: “سنا ہے”، اور بغیر کوئی اضافی بات کیے روانہ ہو گئے۔
Comments are closed.