مینارپاکستان واقعہ: ملزمان کوسخت سزا یقینی بنانے، ذہنیت بدلنے کی ضرورت ہے، شیریں مزاری

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان واقعہ پر پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ ذہن سازی اور قانون پر عملدرآمد ضروری ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شیریں مزاری کاکہنا ہے کہ وفاقی وزارت انسانی حقوق پنجاب حکومت کے متعلقہ عہدیداروں سے رابطے میں ہے تا کہ گریٹر اقبال پارک میں خاتون کے ساتھ پیش آنے والے قابل مذمت واقعہ کے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد مقدمہ درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں اور وزارت انسانی حقوق اس معاملے کی پیروی کر رہی ہے، تاہم پاکستان میں بحیثیت قوم ایسے پرتشدد رویئے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شیریں مزاری نے مزید کہتی ہیں کہ اس حوالے سے آگاہی پروگرامز کیے جاتے ہیں، پاکستان میں قوانین بھی موجود ہیں لیکن موثر انداز میں عمل درآمد سے نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے، لیکن کمزور طبقات کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لئے ذہنیت بدلنے کی ضرورت ہے، اس چیلنج پر قابو پانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

Comments are closed.