امریکہ کے شہر کینساس میں مقامی فٹ بال ٹیم ’چیفس‘ کے سپر بول ٹرافی جیتنے کے جشن کی ایک پریڈ کے دوران فائرنگ سے میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص ہلاک اور کم از کم دس زخمی ہو گئے ہیں۔
فائر ڈیپارٹمنٹ بٹالین کے سربراہ مائیکل ہاپکنز نےبتایا ہے کہ آٹھ سے دس افراد زخمی ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے مزید کچھ بتانے سے انکار کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ مزید معلومات جلد ہی جاری کر دی جائیں گی۔
سپر بول کا ٹائیٹل جیتنے کی تقریب میں فائرنگ کے فوراً بعد متعدد شائقین اسٹریچرز پر لے جاتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔
پولیس نے ایک نیوز ریلیز میں کہا ہے کہ تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بیان میں شائقین پر زور دیا گیا کہ وہ جلد از جلد علاقے سے باہر نکل جائیں۔
یہ واقعہ کینساس یونین اسٹیشن کے قریب ایک پارکنگ گیراج میں اس وقت پیش آیا جب ٹیم کے ارکان اور آفیشلز نے اپنے فینز کے ساتھ فتح کا جشن منانے کے لیے اسٹیج سنبھالا ہوا تھا۔ انہوں نے چیفس ٹیم کی سرخ شرٹس پہن رکھی تھیں۔
چیفس کی ٹیم سپر بول کے مقابلوں میں اتوار کے روز لاس ویگاس میں سان فرانسسکو کی ٹیم کو شکست دینے کے بعد فاتح بن کر ابھری تھی جس کے کینساس میں بڑے پیمانے پر جشن منانے کے انتظامات کیے گئے تھے۔
Comments are closed.