سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب
سبطین خان نے 185 ووٹ حاصل کئے ہیں اور مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر نے 175 ووٹ حاصل کئے جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں 4 ووٹ مسترد کر دیئے ہیں، پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی
لاہور : پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے۔
پنجاب اسمبلی میں پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے سبطین خان کی کامیابی کا اعلان کیا کہ تحریک انصاف کے سبطین خان ایوان کے نئے کسٹوڈین ہوں گے۔
پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے کہا کہ سبطین خان نے 185 ووٹ حاصل کئے ہیں اور مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر نے 175 ووٹ حاصل کئے جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں 4 ووٹ مسترد کر دیئے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلئے کل 364 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ چودھری نثار، فیصل نیازی، جلیل شرک پوری نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے نومنتخب سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سبطین خان کے سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر اللہ تعالٰی کا شکر بجا لاتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں نئے اسپیکر کے انتخاب کیلئے قرارداد منظور کی گئی تھی، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے بھی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ بشارت نے پیش کی تھی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دئیے گئے ہیں۔
Comments are closed.