مقبوضہ جموں وکشمیر میں 14ماہ سے جاری محاصرہ کے دوران 253 کشمیری شہید

مانیٹرنگ ڈیسک

سری نگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں نریندر مودی کی سربراہی میں بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے گزشتہ سال 5 اگست کو نافذ کئے جانیوالے فوجی محاصرے سے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے معمولات زندگی مسلسل بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے فوجی محاصرے کو 14ماہ مکمل ہونے کے موقع پر آج جاری کی جانیوالی ایک رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارتی فوجیوںنے اس عرصے کے دوران 6 خواتین سمیت253 کشمیریوں کو شہید کیا۔

رپورٹ کے مطابق ان میں سے بیشتر افراد کو ماورائے عدالت قتل کیاگیا۔ رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے اغوا کرنے کے بعد انہیں مجاہد یا ان کے ساتھی قراردیتے ہوئے جعلی مقابلوں میں شہید کردیاجاتا ہے ۔

بھارتی فوجیوں کی طرف سے پر امن مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے کم سے کم ایک ہزار498افراد شدید زخمی ہوئے۔ فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 14 ہزار 96 افراد کو گرفتارکیا، 89خواتین کی بے حرمتی کی اور968گھروں یا عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

Comments are closed.