سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کے خلاف ہراسانی کیس میں صوبائی محتسب کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ مونس علوی کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر اپیل پر سنایا گیا، جس میں انہوں نے صوبائی محتسب کی جانب سے عہدے سے ہٹانے اور جرمانے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
مونس علوی اپنے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ مونس علوی کو 25 لاکھ روپے جرمانہ ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانا ہوگا۔
عدالت نے مزید سماعت تک صوبائی محتسب کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق خاتون افسر نے مونس علوی پر دفتر میں ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے محتسب کو شکایت درج کرائی تھی، جس پر محتسب نے مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے اور جرمانہ ادا کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔
سندھ ہائیکورٹ کا یہ عبوری حکم نامہ آئندہ سماعت تک موثر رہے گا، جس میں فریقین سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
Comments are closed.