نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد متاثرہ کھلاڑیوں کو قرنطینہ کر کے پاکستانی ٹیم کو پریکٹس کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے کرائسٹ چرچ پہنچنے والے پاکستانی اسکواڈ کے 6 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پاکستانی اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز لئے گئے تھے۔
کورونا وائرس کا شکار پاکستانی کھلاڑیوں میں سے دو کھلاڑی پہلے بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ چار کھلاڑی پہلی مرتبہ اس وباء کا شکار ہوئے ہیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے قومی اسکواڈ ارکان آئیسولیٹ کر دیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کو پریکٹس میچز سے بھی روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ روانگی سے قبل پاکستانی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور عملے اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے اور تمام ٹیسٹ رپورٹس منفی آئی تھیں، تاہم کرائسٹ چرچ پہنچنے پر پاکستانی سکواڈ کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، نیوزی لینڈ حکومت کی ہدایات کے مطابق 14 روزہ آئسولیشن میں قومی اسکواڈ کے مجموعی طور پر 3 ٹیسٹ کیے جائیں گے، پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں آئسولیشن کے ابتدائی تین روز بعد قومی اسکواڈ کو بائیوسیکیور ماحول میں ٹریننگ کی اجازت ملنا تھی۔
Comments are closed.