پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان چھٹے اسٹریٹجک مذاکرات، دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ یہ اس سال چین کی اعلیٰ قیادت کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جسے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
چھٹا پاکستان-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اسلام آباد میں چھٹے پاکستان-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے، اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر تعاون کے اعادے پر گفتگو کریں گے۔
سی پیک اور نئے منصوبے زیرِ بحث
سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC-II) پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس دوران موجودہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے منصوبوں کے آغاز پر غور کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خطے کی بدلتی صورتحال اور دفاعی تعاون
سفارتی ماہرین کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں بھی انتہائی اہم ہے۔ ملاقات میں دفاعی تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے، تاکہ خطے میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ باہمی سیکیورٹی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان-چین تعلقات میں تاریخی تسلسل
یاد رہے کہ مئی 2024 میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور اسحاق ڈار نے بیجنگ میں پانچویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی تھی۔ ماہرین کے مطابق موجودہ چھٹا ڈائیلاگ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دے گا بلکہ خطے میں امن و تعاون کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
https://www.facebook.com/share/v/14FgGkYtTU6/
Comments are closed.