کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر کے حوالے بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کیلئے لندن چلے گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق پاکستانی موقف انتہائی واضح اوردو ٹوک ہے۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور جبراستبداد کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے، اور پانچ فروری کو پارک لین میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے  منعقدہ نمائش میں بھی شریک ہونگے۔

لندن روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے ہائی کمشنر کے دفتر اور برطانوی پارلیمانی گروپ کی مقبوضہ کشمیر پر حالیہ رپورٹس نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک انکی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےلندن روانگی سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سینیئر قیادت سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں ہونے والے پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

Comments are closed.