بارسلونا. ہسپانوی میڈیا کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا کے نواحی علاقے سانتا کولوما دے گرامینت میں مقامی پولیس نے انٹرپول کی درخواست پر ایک پاکستانی مفرور کو گرفتار کر لیا، جو قتل، دہشتگردی اور بھتہ خوری کے 22 مقدمات میں پاکستان کو مطلوب تھا۔
گرفتار شخص پر تین قتل، چار اقدام قتل، گیارہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات اور چار بھتہ خوری اور قتل کی دھمکیوں کے مقدمات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
31 سالہ مفرور کی گرفتاری اسپین کی بین الاقوامی مفرور ملزمان کی تلاش کرنے والے یونٹ (GRIF) اور سانتا کولوما کی مقامی پولیس کے مشترکہ آپریشن میں عمل میں آئی۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاری 26 جون کو اس وقت عمل میں آئی جب ملزم اپنے گھر سے باہر نکلا، جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔
یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے اگست 2020 میں جاری کی گئی بین الاقوامی گرفتاری کی درخواست پر کی گئی، اور اب اس کیس کو اسپین کی آڈیئنسیا ناسیونال میں دہشت گردی کے مقدمے کے طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
Comments are closed.