اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے امداد روکنا ایک اخلاقی ظلم ہے۔ انہوں نے انسانی بنیادوں پر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نتین یاہو اور ان کی جنگی کابینہ سے ملاقات کی ہے تاکہ انہیں رفح پر حملے سے باز رکھا جا سکے۔
انتونیو گوتریس نے ہفتے کے دن مصر کی سرحد کے ساتھ واقع غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح کا دورہ کیا۔ ہفتے کو کراسنگ کے دورے میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ کے لیے امداد روکنا ایک اخلاقی ظلم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رفح کراسنگ کی ساری صورتِ حال دل توڑ دینے والی اور بے رحمانہ ہے۔
گوتریس نے جب رفح کراسنگ کا دورہ کیا تو ان کے ایک جانب ان ٹرکوں کی لمبی قطار تھی جن پر امدادی سامان لدا ہوا تھا۔ ان ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔
غزہ میں امدادی سامان کے ٹرکوں کو اس وقت داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے جب اس جنگ زدہ علاقے کی 23 لاکھ آبادی میں بیشتر کو فاقہ کشی کا سامنا ہے۔
Comments are closed.