صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کا جلد قلع قمع کیا جائے گا۔
صدر زرداری نے اس بزدلانہ کارروائی کو پاکستان کے خلاف دشمن عناصر کی مایوس کن سازش قرار دیتے ہوئے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا بیان
وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے اور سکیورٹی فورسز کے جوان ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیاں بے مثال ہیں، دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خراج تحسین
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستونگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کی قربانی کو لازوال قرار دیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا مؤقف
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مستونگ حملے کی شدید مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو ان کی لازوال قربانیوں پر سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔
قوم کا اتحاد اور دہشتگردی کے خلاف عزم
ملک کی اعلیٰ قیادت نے واضح پیغام دیا ہے کہ دہشتگردوں کو شکست دی جائے گی اور ان کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن اور استحکام کی ضمانت ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments are closed.