چینی سکینڈل و منی لانڈرنگ کیس: جہانگیرترین،حمزہ شہباز،سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج

لاہور۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چینی اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین، رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے،

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مقدمے میں امانت میں خیانت، دھوکہ دہی اور فراڈ سمیت منی لانڈرنگ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق چاروں ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں چینی اسکینڈل سمیت منی لانڈرنگ کی تحقیقات چل رہی تھیں جب کہ علی ترین، جہانگیر ترین، حمزہ شہباز سلیمان شہباز کے خلاف الگ الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

جہانگیر خان ترین اور علی ترین  پر4.35 بلین روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔جہانگیرترین اور علی ترین پر الزام ہے کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیلیے جے کے ڈبلیو گروپ کی کمپنیز کے اکاؤنٹس استعمال کیے۔حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر25بلین روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ بے نامی اکاؤنٹ سے کی گئی۔

Comments are closed.