اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سرکلر ریلوے کیلئے تعمیراتی کام کےڈیزائن کی منظوری نہ دینے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے بینچ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ سرکولر ریلوے کا کام 2 ماہ میں مکمل ہو جانا چاہئے تھا، صرف اوورہیڈ برج اور تھوڑا سا اور کام رہتا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایف ڈبلیو او نے تاحال کام کیوں نہیں شروع کیا؟ جس پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے سربراہ نے بتایا کہ انہوں نے سرکلر ریلوے کیلئے تعمیراتی کام کا ڈیزائن بنا کر دیا تھا لیکن اس ڈیزائن کی منظوری نہیں دی گئی،چیف جسٹس گلزار احمد کے استفسار پر ڈی جی ایف ڈبلیو نے بتایا کہ سندھ حکومت نے منظوری دینی تھی جو تاحال نہیں دی گئی۔
سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کے رویئے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا جب کہ آئندہ سماعت پر وزیراعلیٰ سندھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
Comments are closed.