سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس، 24 میں سے 19 شکایات خارج، 5 مؤخر

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ججز کے خلاف دائر 24 شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ کونسل نے ان میں سے 19 شکایات کو متفقہ طور پر خارج کر دیا جبکہ 5 شکایات کو مؤخر کر دیا گیا۔

اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس جنید غفار نے شرکت کی، جبکہ جسٹس منصور علی شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سپریم جوڈیشل کونسل سیکرٹریٹ سروس رولز 2025 کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔ ضابطہ اخلاق میں ممکنہ ترامیم پر مزید قانونی غور کی ضرورت محسوس کی گئی اور انکوائری کے طریقہ کار پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ان ججز کے نام پبلک کرنے پر بھی غور ہوا جن کے خلاف شکایات نمٹا دی گئی ہیں، تاہم یہ تجویز مسترد کر دی گئی۔ کونسل نے مؤقف اپنایا کہ ججز کے نام ظاہر کرنا مناسب نہیں، جب تک ان پر کوئی الزام ثابت نہ ہو جائے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے اس اجلاس کو عدالتی شفافیت اور احتساب کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم نام ظاہر نہ کرنے کی پالیسی پر مختلف آراء سامنے آ سکتی ہیں۔

Comments are closed.