سیکورٹی اہلکار نے ایئرپورٹ داخلے کی کوشش کرنیوالے مشکوک شخص کو گولی مار دی

ایئرپورٹس سیکورٹی فورس کے اہلکار نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والا مشکوک شخص کو گولی مار دی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی دروازے پر ایک موٹرسائیکل سوار مشکوک شخص نے ‘رانگ وے’ سے داخلے کی کوشش کی جسے انٹری گیٹ پر تعینات ایئرپورٹس سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی۔

مشکوک شخص نے رکنے کی بجائے واپس فرار ہونے کی کوشش کی تو اے ایس ایف  اہلکار نے فائرنگ کر دی جس کے باعث مشکوک موٹرسائیکل سوار بائیں ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، اس کے پاس سے شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس یا کوئی اور شناختی دستاویز نہیں ملی۔

اے ایس ایف نے مشتبہ شخص کو سول ایوی ایشن کی ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا ہے،ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

Comments are closed.