راولپنڈی : پاک فوج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے کی خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے، جبکہ بھارت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں ردعمل بھارت کے اندر گہرائی میں دیا جائے گا۔
برطانوی جریدے “دی اکانومسٹ” کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح طور پر کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خبریں سراسر جھوٹ اور سیاسی قیاس آرائیاں ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا:”فیلڈ مارشل کے صدر بننے سے متعلق افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔”انہوں نے یہ بھی کہا کہ “معرکہ حق” کے بعد سامنے آنے والے سیاسی تجزیے اور قیاس آرائیاں غیر سنجیدہ اور ناقابلِ اعتبار ہیں۔
اس موقع پر بھارتی جارحیت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا ردعمل انتہائی دو ٹوک تھا۔ انہوں نے کہا:”اگر بھارت نے حملہ کیا تو اس بار جواب مشرق سے شروع ہوگا — اور حملہ بھارت کے اندر گہرائی میں کیا جائے گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ:”بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بھی ہر جگہ نشانے پر ہو سکتے ہیں۔
“قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف بھی واضح کر چکے ہیں کہ فیلڈ مارشل نے نہ تو صدر بننے کی خواہش ظاہر کی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔اسی طرح وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی گزشتہ ماہ اس طرح کی مہمات کو مذموم سازشیں قرار دیا تھا۔
انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کہا تھا:”ہمیں بخوبی علم ہے کہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف مہم کے پیچھے کون ہے۔ ایسی کسی بات پر غور نہیں ہو رہا۔”اس بیانیے سے واضح ہوتا ہے کہ ریاستی ادارے ملکی استحکام اور سلامتی کو ہر طرح کی سیاسی افواہوں اور بیرونی خطرات سے بچانے کے لیے مکمل طور پر یکسو ہیں۔
Comments are closed.