ترنول ریلوے اسٹیشن حملہ: اعتراف جرم کرنے والے ملزمان کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ترنول ریلوے اسٹیشن حملہ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملزمان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ترنول کے ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا، جہاں سرکاری املاک کو نذر آتش اور تباہ کیا گیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان نے ریلوے اسٹیشن کی عمارت، کھڑکیوں، دروازوں، کمپیوٹرز اور اہم سرکاری ریکارڈ کو نقصان پہنچایا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ تمام ملزمان نے دفعہ 164 کے تحت اپنے جرم کا اعتراف کیا اور یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر مشتعل ہوئے۔

ملزمان نے بیان میں کہا کہ وہ غریب اور مزدور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، قانون شکنی پر نادم ہیں اور آئندہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے انہیں کسی قسم کی مالی یا قانونی معاونت فراہم نہیں کی، جس پر وہ خود کو تنہا اور پچھتاوے کا شکار محسوس کرتے ہیں۔

عدالت نے ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا میں نرمی کی اور ہر ملزم کو 6 ماہ قید بامشقت اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ ساتھ ہی ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کو سزا پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

Comments are closed.