گجرات: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سینئر سیاستدان چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ن) پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ “شکر ہے ن لیگی یہ نہیں کہتے کہ علامہ اقبال والا خواب بھی نواز شریف نے دیکھا تھا۔”
گجرات میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ن) کی سیاسی بیانیے پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنما اپنی ہی جماعت کو خوش کرنے کے لیے مبالغہ آرائی سے کام لے رہے ہیں اور بعض افراد یہ تک کہہ رہے ہیں کہ حالیہ جنگ کا سارا ڈیزائن میاں نواز شریف نے خود بنایا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، “شکر ہے یہ نہیں کہا گیا کہ قائداعظم کے بعد خواب بھی نواز شریف کا تھا۔” ان کے اس بیان پر کارکنوں نے تالیاں بجا کر ان کی تائید کی۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ووٹ بانی تحریک انصاف کو ملے ہیں، اور اگر قائداعظم محمد علی جناح کے بعد کسی کو عوامی تائید حاصل ہوئی تو وہ عمران خان ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری افواج نے بے مثال قربانیاں دے کر قوم کو فتح دلائی ہے۔ “ہم سب ملک اور قوم کے لیے اکٹھے ہیں، اور اس ملک کے بہتر مستقبل کے لیے جو قوت بھی بہتر کام کرے گی، ادارے اسی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔”
انہوں نے کہا کہ “اکیلے اکیلے سب کچھ کر کے دیکھ لیا، اب قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔”
پرویز الٰہی کی یہ تقریر سیاسی منظرنامے میں ایک بار پھر ان کی متحرک موجودگی اور مسلم لیگ (ن) پر سخت موقف کی غمازی کرتی ہے۔
Comments are closed.