ہمارے جھنڈے کی خوبصورتی اقلیتوں کے بغیر ادھوری ہے، مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور سماجی کارکن مشعال ملک نے ایسٹر کے موقع پر اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پرچم کی خوبصورتی اس وقت مکمل ہوتی ہے جب اس میں موجود اقلیتوں کو برابر کا درجہ دیا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ دنیا بھر میں افراتفری اور مذہبی شدت پسندی بڑھ رہی ہے، ایسے وقت میں ضروری ہے کہ ہم رواداری، محبت اور احترام کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیمِ ہند کے وقت مسیحی برادری کے رہنماؤں نے پاکستان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور آج بھی اس کمیونٹی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

مشعال ملک نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اس کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ ہندوستان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مساجد شہید کر رہی ہے اور مسلمانوں و اقلیتوں پر ظلم کر رہی ہے، بھارت میں مسلمان اور مسیحی برادری کے افراد خوف و دہشت کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے کئی معروف ججز کا تعلق بھی مسیحی برادری سے رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں نے ہر شعبے میں شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ آج ایسٹر کے بابرکت موقع پر ہمیں دنیا بھر کو امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دینا چاہیے۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کا ذکر کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہاں بھی انسانی حقوق کی پامالی کو روکا جائے۔

Comments are closed.