’’پاکستانی طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ جھوٹ اور حقیقت سے کوسوں دور ہے‘‘:خواجہ آصف

اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیردفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئرچیف کے پاکستانی طیارے تباہ کرنے کے تاخیری دعوؤں کو غیر حقیقی اور بے موقع قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاست دانوں کی کوتاہ اندیشی سے ہونے والی ناکامی چھپانے کے لیے سینئر فوجی افسران کو سامنے لایا جا رہا ہے، جبکہ تین ماہ تک بھارت کی طرف سے اس نوعیت کے کوئی دعوے سامنے نہیں آئے۔

عالمی میڈیا اور شواہد

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے فوری طور پر عالمی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی بریفنگز فراہم کیں۔ آزاد ذرائع اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس نے تسلیم کیا کہ رافیل سمیت بھارت کے کئی جنگی طیارے تباہ ہوئے۔ شواہد میں عالمی رہنماؤں، سینئر بھارتی سیاست دانوں اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس کے حوالے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملے میں ایک بھی پاکستانی طیارہ نشانہ یا تباہ نہیں ہوا۔

بھارتی فضائی اور زمینی نقصانات

وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے، ایس-400 فضائی دفاعی نظام، بغیر پائلٹ فضائی گاڑیاں اور کئی بھارتی فضائی اڈوں کو ناکارہ بنا دیا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی مسلح افواج کو جانی اور مالی دونوں لحاظ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

بھارت کو شفاف جانچ کی دعوت

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت کو سچائی پر شک ہے تو دونوں ممالک اپنے طیاروں کے ریکارڈ آزادانہ جانچ کے لیے پیش کریں۔ ان کے مطابق اس جانچ سے حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی، جسے بھارت چھپانا چاہتا ہے۔

Comments are closed.