لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل، اب جمعرات کو وزیر آباد سے شروع ہوگا

میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا، الیکشن کی تاریخ لے کر ہی واپس آئیں گے، پوری قوم تیار بیٹھی ہے:عمران خان، لانگ مارچ کا دن باہمی مشاورت سے تبدیل کیا گیا ہے،لانگ مارچ جمعرات کو دوپہر دو بجے شروع کیا جائے گا، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شیڈول میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی کردی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اب منگل کے بجائے جمعرات کو وزیر آباد سے شروع ہو گا، لانگ مارچ کا دن باہمی مشاورت سے تبدیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ جمعرات کو دوپہر دو بجے شروع کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا شکایت کنندہ درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچا ہوا ہے، اسی درخواست پر ایف آئی آر درج کی جائے، عمران خان کا ایف آئی آر سے متعلق مؤقف کلیئر ہے۔چیف جسٹس نے 24 گھنٹے میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا، الیکشن کی تاریخ لے کر ہی واپس آئیں گے، پوری قوم تیار بیٹھی ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاک فوج ہماری ہے، اس کے خلاف جانا ممکن نہیں، سرحدوں پہ کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں ہے، نواز شریف اور آصف زرداری سے کبھی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ لانگ مارچ اب بدھ کو شروع ہو گا جب کہ گزشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ منگل سے شروع ہو گا۔

Comments are closed.