بدتمیزی اور بدتہذیبی کی سیاست کا خاتمہ قریب ہے : مریم نواز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے پاکستانی سیاست میں بدتمیزی اور بدتہذیبی کی جو بنیاد رکھی تھی، اب اس کا نشانہ خود بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اب اس منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور باشعور ہو چکے ہیں۔

یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ میں صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ “اس بدتمیزی اور بدتہذیبی سے کسی کو کچھ نہیں ملا۔ یہ ایک ڈائنگ (مرتی ہوئی) چیز ہے جو ختم ہو رہی ہے اور جلد ختم ہو جائے گی۔”

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ “اب عوام ترقی چاہتے ہیں، انہیں مسائل کا حل اور مہنگائی میں کمی چاہئے۔ لوگ سمجھ چکے ہیں کہ بدتمیزی اور خدمت میں کیا فرق ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “اب معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہم ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔”

مریم نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور ترقی کے سفر کو تیز کیا جائے گا۔

Comments are closed.