9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہیں: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ ایک “شیطانی سوچ والے شخص” اور اس کی مخصوص جماعت نے نوجوان نسل کی برین واشنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے روشن مستقبل کو ترجیح دیں گے یا اقتدار کی ہوس رکھنے والے فرد کے سیاسی ایندھن بنیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر اپنے شاہی احکامات کو حتمی سمجھتے تھے، آج آئین اور قانون کی باتیں کرتے ہوئے شرمندہ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس اور اسکالرشپ دینے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ لاکھوں والدین کی دعائیں مریم نواز کے ساتھ ہیں، اور جو لوگ ان کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، وہ ان پر تنقید کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 2014 سے مریم نواز کے خلاف منفی مہم چلائی جا رہی ہے، لیکن وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبول اور مضبوط ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آنے والے ہی قوم کی ترقی کی فکر کرتے ہیں، جب کہ غیر جمہوری طریقوں سے اقتدار میں آنے والے نوجوانوں کو پٹرول بم اور غلیلیں دیتے ہیں۔

Comments are closed.