مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوحِ تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے: مریم نواز

لاہور: یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کو لوحِ تقدیر پر ثبت حقیقت قرار دیتے ہوئے کشمیریوں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کے بعد سے بھارتی مظالم میں بے پناہ اضافہ ہوا، لیکن کشمیری عوام نے جس حوصلے، عزم اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کیا، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

عالمی ضمیر کی بے حسی، مجرمانہ خاموشی

مریم نواز شریف نے عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی خاموشی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی المیہ ہے جس پر دنیا کو فوری طور پر توجہ دینی چاہیے۔

بھارتی قبضہ: غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی قبضہ کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم کے ذریعے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے، لیکن کشمیر کی آزادی ایک یقینی حقیقت ہے۔

کشمیریوں کی قربانیاں اور پاکستانی عوام کا جذبہ

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر دھڑک رہا ہے، اور ہم کشمیریوں کی حمایت کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر جاری رکھیں گے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ برصغیر میں مستقل امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، اور یہ وقت ہے کہ دنیا کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سنجیدہ اقدامات کرے۔

آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کشمیر کی سیاہ رات کا سورج جلد طلوع ہوگا، اور کشمیری عوام کی قربانیاں ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

Comments are closed.