ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر کر دی گئی

امریکی تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن نے کہا ہے کہ پینسلوینیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایف بی آئی پیٹس برگ فیلڈ آفس کے انچارج ایجنٹ کیون راجک نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ “ہفتے کی شام سابق صدر ٹرمپ پر ہونے والے حملے کو ہم قاتلانہ حملہ قرار دے رہے ہیں۔ یہ ابھی بھی ایک متحرک کرائم سین ہے۔”

ایف بی آئی نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت بھی ظاہر کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے نوجوان کا نام میتھیو کروکس ہے اور اس کی عمر 20 برس ہے۔ حملہ آور بیتھل پارک، پینسلوینیا کا رہائشی ہے۔

سابق صدر ٹرمپ نے اس سے قبل اپنے اُوپر ہونے والے حملے کو قاتلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریلی کے دوران ایک گولی ان کے دائیں کان کو چھو کر گزر گئی۔

ریاست پینسلوینیا کے شہر بٹلر میں ہفتے کی شام اس وقت فائرنگ ہوئی جب سابق صدر ٹرمپ نے انتخابی ریلی سے اپنا خطاب شروع کیا تھا۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق حملہ آور نے ریلی کے قریب ایک اُونچے مقام سے فائرنگ کی۔

اس سے قبل ایف بی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکرٹ سروس سمیت ریاست اور وفاق کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس حملے کی تحقیقات کریں گے۔

سیکرٹ سروس کے مطابق ٹرمپ کی ریلی میں اسٹیج کی جانب کئی گولیاں چلائی گئیں جس میں ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.