بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کا بھارت سے شیخ حسینہ کو ڈھاکہ واپس بھیجنے کا مطالبہ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے بھارت کو ایک سفارتی نوٹ بھیج کر سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ڈھاکہ واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیخ حسینہ پانچ اگست کو اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد سے بھارت میں مقیم ہیں۔

ڈھاکہ میں واقع ’انٹرنیشنل کرائم ٹر بیونل‘ (آئی سی ٹی) نے شیخ حسینہ، ان کی حکومت کے سابق وزرا اور سابق فوجی و سول افسران کے نام گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے اور ان پر انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کا الزام عائد کیا ہے۔

عبوری حکومت میں امور خارجہ کے مشیر توحید حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارت کو ایک سفارتی نوٹ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کارروائی کے لیے بنگلہ دیش شیخ حسینہ کی واپسی چاہتا ہے۔

قبل ازیں امور داخلہ کے مشیر جہاں گیر عالم نے کہا کہ ان کے دفتر نے شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے وزارت خارجہ کو ایک خط ارسال کیا ہے۔

ان کے مطابق ڈھاکہ اور نئی دہلی کے مابین حوالگی معاہدہ ہے جس کے تحت شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش واپس بھیجا جا سکتا ہے۔

نئی دہلی کے میڈیا کے مطابق ابھی یہ خط بھارت کو موصول نہیں ہوا ہے۔ اس کے ملنے کے بعد ہی بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔

Comments are closed.